قومی

  • قومی
  • Jan 20, 2021

وزیر اعظم کی قبائلی عوام کو سماجی و معاشی تحفظ فراہم کرنیکی ہدایت

جنوبی وزیرستان میں بھی احساس کفالت پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کومعاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پروگرام کے تحت اقدامات پر بریفنگ دی۔ جنوبی وزیرستان کی 25 فی صد سے زیادہ آبادی کو رواں سال احساس پروگرام کے ذریعے سماجی و معاشی تحفظ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع کی سماجی و معاشی ترقی کیلئےاقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے جنوبی وزیرستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کو سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے کیڈٹ کالج وانا کے فیز ٹو کا سنگِ بنیاد رکھا جس کے تحت دو نئے ہاسٹل، اساتذہ کیلئے رہائش، صاف پانی کی فراہمی، مسجد اور کثیرالمقاصد ہال کی تعمیر ہو گی۔
انہوں نے تنائی گُل کچ سڑک کی توسیع کے منصوبے کا بھی سنگِ بنیاد رکھا ۔ یہ منصوبہ علاقے میں آمدورفت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے اہم ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے وانا میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے یاد گارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔وزیر اعظم نےقیام امن اور دفاع وطن کے لیے جام شہادت نوش کرنیوالوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر پودا بھی لگایا۔