قومی

  • قومی
  • Jan 20, 2021

یورپی یونین کے سفیروں کے اعزاز میں ظہرانہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے سفیروں کے اعزاز میں وزارتِ خارجہ میں ظہرانہ دیا جس میں مختلف ملکوں کے اٹھارہ سفیروں نےشرکت کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وبائی چیلنج کے معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے قرضوں میں سہولت کی تجویز دی جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین، کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے جون 2019 میں اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یورپی ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے پورے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کی جانب سےدہشتگردوں کی معاونت کے ناقابل تردید ثبوت ڈوزئیر کی صورت میں دنیا کے سامنے رکھے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کی حقیقت بھی اب دنیا کے سامنے آ چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر دو طرفہ تعلقات چاہتے ہیں۔