قومی

  • قومی
  • Jan 16, 2021

پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ چکی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ چکی ہے۔ ذاتی مفادات کے دفاع کی تحریک میدانوں، شاہراہوں سے سمٹ کر گلی محلوں اور تنگ و تاریک چوراہوں تک محدود ہو چکی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب سیاست اہلیت کی بجائے وراثت کی بنیاد پر ملے تو یہی حال ہوتا ہے جو آج پی ڈی ایم کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی نالائقی اور نااہلی کا ملبہ دوسروں پر نہ ڈالیں ۔ ان کی سیاست جھوٹ فریب اور کرپشن پر مبنی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کے وزیر اعلی کےماتحت محکمہ خزانہ میں سوا دو ارب کا فراڈ پنشنرز فنڈ میں سامنے آیا۔جعلی پنشنرز اور جعلی اکاؤنٹ بنا ئے گئے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ 95 فیصد جعلی بینک اکاؤنٹس کا سراغ ان کے وزیر اعلی کے آبائی ضلع دادو میں جاتا ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ قوم نہیں بھولی جب ان لوگوں نے گندم ریلیز نہ کرکے قلت پیدا کی اور سندھ کے عوام کو مہنگا آٹا بیچا۔ سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ غریب کی کٹیا اجاڑ کر سوئس اکاونٹس بھرے اور سرے محل تعمیر کیے۔بلاول بھٹو الیکشن کمیشن کو دھمکانے کی بجائے اپنی جماعت کی فارن فنڈنگ کے حوالے سے جواب دیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں دو ہزار 25 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا ہوتی ہے۔اس میں 1784 ملین کیوبک فٹ سندھ استعمال کرتا ہے جبکہ 200 ملین کیوبیک فٹ پاور اور فرٹیلائزرز پلانٹس کو مہیا ہوتی ہے۔صرف ایک سو دس ملین کیوبک فیٹ سندھ سے باہر جاتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ پر ہونے والی تعمیروترقی وفاق کی جانب سے سندھ کے عوام کے لیے تحفہ ہوگی۔