قومی

  • قومی
  • Jan 14, 2021

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ کوئٹہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف کو سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہیں صوبے کی سلامتی کی موجودہ صورت حال کے بارے میں بریف کیا گیا۔ آرمی چیف کو سلامتی کی صورت حال یقینی بنانے کےلئے کیے گئے اقدامات کے ساتھ افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدی انتظام سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ سے مچھ واقعے کے متاثرین نے ملاقات کی ۔آرمی چیف نے متاثرین سے تعزیت کی اور ہزارہ کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے بھی گفتگو کی۔ آرمی چیف نے متاثرین کو یقین دلایا کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
کوئٹہ گیریژن میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشکلات کے باوجود صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہاکہ بلوچستان اپنے سٹرٹیجک محل وقوع کی وجہ سے دشمن کی آنکھ میں کھٹکتا ہے۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی او رخوشحالی ہے۔ آرمی چیف نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں کی بھرپور کوششوں کے باوجود ان کو مذمو م عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف نے کہاکہ بلوچستان کی سیکیورٹی ، استحکام اور خوشحالی یقینی بنانے کےلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔