قومی

  • قومی
  • Jan 14, 2021

کشمیری عوام بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں, کل جماعتی حریت کانفرنس

کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کے مختلف اہم مقامات پر پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں نشاندہی کی گئی ہے کہ حل طلب تنازعہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن اور سیاسی استحکام کی را ہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہےکہ کشمیری آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکے۔ جموں وکشمیر لبریشن الائنس نے بھی پوسٹروں کے ذریعے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھر پور اتحاد کے ذریعے آر ایس ایس کی کشمیرمخالف پالسیو ں کو ناکام بنائیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلع ریاسی کے علاقے تلوارہ میں اس وقت سخت کشیدگی پیدا ہو گئی جب بھارتی ریلوے حکام نے لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس پر لوگوں نے زبر دست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کرگاڑیوں کی آمد و رفت معطل کر دی۔ مظاہرین اور بھارتی ریلوے کے اہلکاروں کے درمیان پتھراؤ سے کئی افراد زخمی ہو گئے ۔
بھارتی تحقیقاتی ایجنسی ”سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن“ نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو تین دہائیوں پرانے جعلی مقدمات میں جلد سزا دلانے کیلئے مونیکا کوہلی کو چیف پراسیکیوٹر مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں یاسین ملک پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔