صدر ڈاکٹر عارف علوی نے انسدادِ ریپ آرڈیننس2020 کی منظوری دے دی
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے انسدادِ ریپ آرڈیننس2020 کی منظوری دے دی ہے۔ آرڈیننس سے عورتوں اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے معاملات کو جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔جنسی زیادتی کے ملزمان کے تیز ٹرائل اور کیسز جلد نمٹانے کیلئے ملک بھر میں اسپیشل کورٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔خصوصی عدالتیں 4 ماہ کے اندر جنسی زیادتی کے کیسز کو نمٹائیں گی۔وزیرِ اعظم اس آرڈیننس کے تحت انسدادِ جنسی زیادتی کرائسس سیلز کا قیام عمل میں لائیں گے۔کرائسس سیل 6 گھنٹے کے اندر میڈیکو-لیگل معائنہ کرانے کا پابند ہو گا۔ نادرا کی مدد سے قومی سطح پر جنسی زیادتی کے مجرمان کا رجسٹر تیار کیا جائے گا۔
آرڈیننس کے تحت جنسی زیادتی کے متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے پر پابندی ہوگی اور اسے قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔