وزیراعظم کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کی افادیت کے پیش نظر اس کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم نے کہاکہ حکومت کی جانب سے 2020 کو بلیو اکانومی کا سال قرار دیا جانا بحری معیشت کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کا مظہر ہے۔انہون نے کہاکہ حکومت پاک بحریہ کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
وزیر اعظم کو علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال، چیلنجز اور میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع، گوادر بندرگاہ سمیت سی پیک کو سیکیورٹی کی فراہمی اور علاقائی امن کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ امیرالبحر ایڈمرل امجد خان نے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اللہ کی مدد سے ملکی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
اس سے پہلے نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔