قومی

  • قومی
  • Dec 03, 2020

کل کا جمعہ بطوریوم دعا منایاجائے گا, صدر مملکت

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے بعد ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ناگزیر ہے ۔ عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں ممبرومحراب کا اہم کردار ہے ۔ کل کا جمعہ بطوریوم دعا منایاجائے گا۔ صدر مملکت کورونا کے تناظر میں ہونے والے علماءومشائخ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں اظہار خیال کررہے تھے ۔
کورونا کی موجودہ صورتحال پر علماء ومشائخ اجلاس کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ اس بات پر تشویش کا اظہار کیاگیاکہ عوامی سطح پر وباء کے حوالے سے سنجیدگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر علماء ومشائخ کی جانب سے یہ اپیل کی گئی ہے کہ سیاسی سطح پر بھی ایس اوپیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور سیاسی حلقے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
صدر مملکت نے کہاکہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران ممبر و محراب سے جو منظم پیغام عوام تک پہنچا اس سے وباء پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی ملی ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کی شدت کے باوجود ہماری مساجد کھلی رہیں اور غرباء کا احساس کیاگیا جو کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا باعث بنا۔
صدر ممملکت نے کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے میڈیا اپنا کردار مزید فعال انداز میں نبھائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پیغام پہنچ سکے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت ملک بھر سے علماء ومشائخ نے شرکت کی ۔