بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Dec 03, 2020

کورونا سےدنیا میں14لاکھ98ہزارسے زیادہ ہلاکتیں

دنیابھرمیں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ اب تک دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 48 لاکھ سے بڑھ چکی ہے ۔دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد15 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ 4کروڑ49لاکھ سے زیادہ صحت یاب ہوچکےہیں۔
امریکہ میں صورتحال بدستورتشویشناک ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 8 سو سے زائد افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔۔۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد2لاکھ79ہزار863 ہوگئی ہےجبکہ ایک کروڑ43لاکھ 13ہزار افراد وائرس سے متاثرہ ہیں۔طبی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ہسپتالوںمیں کورونا وائرس کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی ایک لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ ۔ بھارت میں اب تک 95لاکھ33ہزار افرادوائرس سے متاثر ہیں جن میں سےایک لاکھ 38ہزار657سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں ۔برازیل میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تقریبا 669 افراد کورونا کا شکار ہو کر موت کی وادی میں اتر گئے اور ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ چوہتر ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
دوسری جانب کورونا وائرس کی ویکسین کیلئے بھی دوڑ جاری ہے۔ چین نے کہا ہے کہ وہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی لاکھوں ڈوز فراہم کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کرچکا ہے تاہم ویکسین کے آخری مرحلے کے ٹرائلز جاری ہیں۔اور ویکسین کی ریگولیٹری منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد ترقی پذیر ممالک کو کامیاب ویکسینز تک رسائی ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائے گی۔
برطانوی حکومت نے گزشتہ ماہ تیار ہونے والی دنیا کی پہلی کورونا ویکسین کے عام استعمال کی اجازت دے دی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ وہ پہلا ملک بن گیا، جس نے کورونا وائرس کے خلاف امریکا کی فائزر اور جرمنی کی بائیو این ٹیک کمپنیوں کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسین کے استعمال کی اجازت دی ہے۔ہسپتالوں کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کورونا ویکسین کو سب سے پہلے طبی رضاکاروں پر استعمال کیا جائے۔