قومی

  • قومی
  • Nov 18, 2020

فیصل آباد:و زیر اعظم سے کاروباری نمائندوں، برآمد کنندگان کی ملاقات

و زیر اعظم عمران خان سے فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری سے وابستہ کاروباری نمائندوں اور برآمد کنندگان نے ملاقات کی اوراس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ 13 ارب کی ٹیکسٹائل برآمدات کو بڑھا کر آئندہ سال 21 ارب ڈالرز تک لے جائیں گے۔
کاروباری برادری کے نمائندوں نے کہا کہ توانائی پیکج، بروقت ریفنڈز اور دیگر سہولیات کی بدولت برآمد کنندگان اور کاروباری برادری کے بیشتر مسائل حل ہوئے ہیں۔ چودہ سال بعد فیصل آباد کی ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ تمام صنعتیں اپنی مکمل صلاحیت اور استعداد کار کے مطابق کام کر رہی ہیں ۔
برآمد کنندگان نےوزیراعظم کو بتایا کہ کورونا وبا کے دوران حکومتی اقدامات سے نہ صرف لوگوں کے روزگار کوتحفظ ملا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس ہزار نئی نوکریاں دینے کے باوجود اس وقت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ایک لاکھ سے زائد مزید مزدوروں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے نے وزارتِ توانائی کو فیصل آباد ٹیکسٹائل انڈسٹری سے متعلقہ مسائل جلد حل کرنے اور فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام کےلئے وفاقی وزیر حماد اظہر کو تمام شراکت داروں سے مشاورت کی ہدایت کی ۔ تاجر برادری کی طرف سے موٹر وے پر چک جھمرہ کے مقام پر انٹرچینج بنانے کے مطالبے پروزیراعظم نے وفاقی وزارتِ مواصلات کو جلد از جلد کام کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کی تجویز پر سول ایوی ایشن کو تاجر برادری کے ساتھ ملکر لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔