امریکی صدارتی انتخاب
امریکہ میں صدارتی انتخاب میں نو روز رہ گئے۔ صدر ٹرمپ اور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن آخری مباحثے کے بعد دوبارہ میدان میں آگئے ہیں۔صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں انتخابی مہم کے حوالے سے نکالے جانے والی بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن نے آخری مباحثے کے دوران ثابت کر دیا کہ وہ امریکہ کے صدر بننے کے اہل نہیں ہیں۔انہوں نے اپنی ہی پارٹی کے فلوریڈا کے گورنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم یہاں سے نہ جیتے تو وہ ان سے دوبارہ کبھی بات نہیں کریں گے۔
دوسری جانب جوبائیڈن نے ریاست دلاویئر میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے صدر ٹرمپ امریکی عوام سے جھوٹ بول رہے ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوچکے ہیں۔انہوں نے صدارتی انتخاب جیتنے کی صورت میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے عوام سے اپنا منصوبہ بھی شیئر کیا۔
امریکہ میں تین نومبر کو صدارتی انتخاب ہو رہے ہیں، اس سے پہلے ڈاک کے زریعے ووٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اب تک ’’ارلی ووٹنگ ‘‘ میں جوبائیڈن لیڈ لئے ہوئے ہیں مگر جوبائیڈن کی جیت کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا کیونکہ 2016 میں ہیلری کلنٹن ’’ ارلی ووٹنگ‘‘ میں لیڈ لینے کے باوجود صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ سے ہار گئی تھیں۔