قومی

  • قومی
  • Oct 17, 2020

تربت, دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک وسیم اللہ شہید

تربت کے قریب سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک وسیم اللہ شہید اور تین جوان زخمی ہو گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق تربت کے جنوب مشرق میں پینتیس کلومیٹر کے فاصلے پرواقع جھکی پوسٹ کے قریب سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی ۔ جس کے نتیجے میں لانس نائیک وسیم اللہ شہید ہو گئے جبکہ تین جوان زخمی ہوئے ۔
گزشتہ پانچ دنوں میں سکیورٹی فورسزکے بائیس جوان شہید ہوئے ہیں جن میں سے پندرہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ، چھ شمالی وزیرستان میں اور ایک جوان باجوڑ میں شہید ہوا ۔پاکستان آرمی نہ صرف اندرون ملک بلکہ خطے میں امن کے استحکام کے لیے بے مثال کوششوں میں مصروف ہے تاہم ملک دشمن قوتیں دو دہائیوں میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ۔ حالیہ دنوں دہشت گرد کارروائیوں میں اچانک اضافہ بھارت کی جانب سے کھلی دھمکیوں کے بعد دیکھنے میں آیا جو کہ بھارتی سلامتی کے مشیر اورخطے کے امن کے دشمن اجیت دوول ڈاکٹرائن کی عکاسی ہے ۔ بھارت کے سابق آرمی چیف بھی کھلے عام پاکستان کو نقصان پہنچانے کی باتیں کرتے دکھائی دیے ۔
(آواز ۔۔۔سابق بھارتی آرمی چیف)
انتہاپسند بھارتی سیاسی لیڈر سبرا منیم سوامی بھی کھلے بندوں پاکستان کونقصان پہنچانے کی ہرزہ سرائی کرچکے ہیں ۔ بلوچستان میں ملک دشمن کارروائیوں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں ۔خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے ۔ افغان امن عمل میں امریکہ کی جانب سے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہے جانا اور کورونا اور ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کا اقوام عالم میں تسلیم کیے جانے سے بھی بھارت اپنے حواس کھو بیٹھا ہے ۔ پاکستان آرمی ملک دشمن قوتوں کے مزموم مقاصد سے آگاہ ہے اور انہیں ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت چوکس اور ہرقربانی دینے کو تیار ہے ۔