بین الاقوامی

  • بین الاقوامی
  • Oct 16, 2020

امریکہ میں کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود دوبارہ لاک ڈاؤن نہیں ہوگا : ٹرمپ

امریکہ میں تین نومبر کو ہونے والے انتخابات میں کامیابی کیلئے دوڑ دھوپ جاری ہے۔انتخابی دوڑ میں کورونا وائرس کا معاملہ خاصی اہمیت کا حامل نظر آر ہا ہے ۔ صدر ٹرمپ اور انکے حریف جوبائیڈن اس معاملے پر اپنےا پنے سپورٹرز کو مطمئن کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ ہوا تواس کے باوجود وہ مزید لاک ڈاؤن کو سپورٹ نہیں کریں گے۔صدر ٹرمپ نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں چیزیں اب بہتر ہو رہی ہیں، ہم اب دوبارہ کوئی لاک ڈاؤن نہیں کریں گے۔ اس سے پہلے پیر کے روز فلوریڈا میں ریلی سےخطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن نے امریکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔انہوں نے اپنے سپورٹرز سے کہا کہ باہر نکلنا خطرے سے خالی نہیں ، لیکن پھر بھی باہر نکلنا ہوگا۔
دوسری جانب ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ کورونا وائرس کو قابو کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کر رہے۔ صدر ٹرمپ کوورنا وائرس سے خود بھی متاثر ہوئے لیکن پھر بھی وہ اس وبا کیخلاف کوششوں کو تیز کرنے سے انکاری ہیں۔صدر ٹرمپ نے امریکیوں کی حالت کو بہتر کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔
یاد رہے کہ امریکہ میں گزشتہ ہفتے کورونا کے کیسز میں 11 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 24 گھنٹے میں 63ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 82لاکھ 13 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ2 لاکھ 22 ہزار سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔