ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Sep 16, 2020

پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلنا ملک کے مفاد کی بات ہے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فیٹف پر اپوزیشن کا کردار مایوس کن ہے۔ آج کے قانون سازی کے حوالے سے امید تھی کہ اپوزیشن ساتھ دے گی۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان کا گرے لسٹ سے نکلنا ملک کے مفاد کی بات ہے لیکن افسوس جو پاکستان کی بہتری ہے اس کے اوپر اپوزیشن کو کوئی فکر نہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ منی لانڈرنگ ہے جو ملک کےخزانے سے ناجائز طریقے سے پیسہ بنانے اور حکمران انہی غیر قانونی کمائی کو ڈالر کی شکل میں بیرون ملک بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں ہر سال ایک ہزار ارب ڈالر غریب ملکوں کا پیسہ امیر ملکوں میں جا رہا ہوتا ہے۔ اسی طرح ہر سال پاکستان سے دس ارب ڈالر منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کا مفاد لوٹی گئی دولت کو واپس لانے میں ہے لیکن اپوزیشن اس کےلئے تیار نہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ موٹر وے زیادتی کیس جیسے معاملات انتہائی تشویشناک ہے۔ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے معاملے پر بڑی سنجیدگی سے سخت قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ چند دن میں اس حوالے سے بل پیش کئے جائیں گے۔