قومی

  • قومی
  • Sep 15, 2020

وزیر اعظم کی صدارت میں اعلی سطح اجلاس

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی سطح پر عوام کو بااخیتار بنانا اور انہیں نمائندگی دینے سے ہی بہتر طرز حکومت اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم لاہور میں صوبے میں امن وامان، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور ان کی قیمتوں اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کا مقصد غرباء اور نادار افراد کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں میں آنے والے افراد کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور دہاڑی دار طبقے پر خاص توجہ دی جائے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ضرورت کے پیش نظر مزید پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔وزیر اعظم نے واضح کیاکہ فلاحی ریاست کی طرف سفر ہی قوم کی خوشحالی کا سفر ہے۔وزیر اعظم کو صوبہ پنجاب میں امن وامان، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور ان کی قیمتوں اور فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی جی پولیس کی جانب سے سنگین جرائم بشمول قتل، اغوا، بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں، نشہ آور اشیاء کی فروخت، جوئے، قبضہ مافیا اور عمومی امن و امان کی صورتحال کے علاوہ خاتون زیادتی کیس میں پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم کا خاتون زیادتی کیس کو منطقی انجام اور مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا تک پہنچانے کا عزم کیا۔ اجلاس میں ملک بھر میں ایک ایمر جنسی نمبر نافذ کرنے اور جرائم کا سنٹرل ڈیٹابیس قائم کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نے نشہ آور مصنوعات فروخت کرنے والے عناصراور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔