وزیراعظم کی صدارت میں گیس کے شعبے سے متعلق امور پر اجلاس
وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں گیس کے شعبے سے متعلق امور پر اجلاس ہوا ۔اجلاس میں گیس کی طلب اور رسد ،بنیادی ڈھانچے ،گیس کےشعبےمیں درپیش مسائل اور مستقبل کی ضروریات پرلائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتےہو ئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ گیس کےشعبے میں ایک طرف بڑھتی ہوئی گھریلو اورصنعتیں ضروریات جبکہ دوسری طرف مقامی طورپر موجود گیس کے محدود ذخائر سے متعلق جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ گیس سے متعلقہ معاملات کا تعلق کسی ایک صوبے یا علاقے سے نہیں بلکہ یہ پورے ملک کامعاملہ ہے ضروری ہے کہ ان مسائل کو باہمی مشاورت اورمستقل کےلائحہ عمل سے بہتربنایاجائے۔
وزیراعظم نے معاون خصوصی ندیم بابر کو ہدایت کی کہ گیس کےشعبے سے متعلق تمام حقائق مشترکہ مفادات کونسل کے سامنے رکھے جائیں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ نامور ماہرین سے مشاورت بھی کی جائے تاکہ مسائل کاپائیدار حل نکل سکے ۔
معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیراعظم کو گیس کی پیداوار،ضروریات ،درآمد اورطلب ورسد کے تخمینوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔