پی ایس ایل 2020 کے 10میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے 10 میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے یا بند دروازوں میں کھیلے گئےاور یا پھر کوویڈ 19 کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔
دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا۔ جس میں کوویڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔
ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا۔ جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔
6 ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے۔ ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔