قومی

  • Jun 24, 2020

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کومسترد کردیا

پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کیا اور اس کی شدید مذمت کی اور اس سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے میں پچاس فیصد کمی کرانے کا بہانہ قرار دیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ پاکستان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے کیونکہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور سفارتی آداب کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کی تازہ کارراوئی مقبوضہ کشمیر میں اسکی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوششوں کا حصہ ہے۔
اسلام آباد میں بھارت کے ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور بھارت کے بے بنیاد الزامات سے پاکستان کے انکار اور مذمت سے آگاہ کیا گیا۔