قومی

  • Jun 23, 2020

حکومت کورونا سےمتاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن پرعملدرآمد کررہی ہے : وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت خصوصاً کمزورکے تحفظ کے لئے ملک کے ایسے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کر رہی ہے جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں تین احساس پروگراموں، احساس راشن پورٹل، احساس لنگر اور پناہ گاہ ایپلی کیشن اور پی ایم کورونا وائرس امدادی فنڈ کی ویب سائیٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ معمر افراد اور پہلے سے مہلک امراض میں مبتلا لوگ اس وبا کا زیادہ شکار ہو سکتے ہیں اور اگر ان کا مناسب تحفظ کیا جائے تو کورونا وائرس کے اثرات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کیلئے اگلا ایک ماہ مشکل ہے۔
عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام اور حکومت کی لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کی پالیسی سے کورونا وائرس کے اثرات کم کرنے میں مدد ملی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزگار سے محروم ہو جانے والے افراد کی مالی امداد کیلئے پی ایم کورونا امدادی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فنڈ میں ہر ایک روپے کے بدلے چار روپے شامل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ فنڈ کی ویب سائٹ سے مخیر افراد اور اداروں کو مستحق افراد تک رسائی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈونرز اور مستحقین کے درمیان رابطے میں سہولت پیدا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کیلئے ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کو لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے ان کی طرف سے عطیہ کی گئی پائی پائی کے بارے میں بتایا جائے گا۔
سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کو احساس پروگرام کے تین اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
احساس راشن پورٹل، احساس لنگر اور پناہ گاہ ایپ اور پی ایم کورونا ریلیف فنڈ ویب سائٹ کے اجراء کا مقصد فلاحی تنظیموں کو سہولت دینا اور انہیں بااختیار بنانا اور کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت کے اقدامات میں اس کی مدد اور مربوط کردار ادا کرنا ہے