وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ ہم نے ٹیکسوں ، ڈیوٹیز اور ٹیرف میں کٹوتی کرتے ہوئے عوام پرٹیکسوں کے بوجھ میں کمی کی ہے ۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کرکے ٹیکس محصولات کے نظام میں بہتری لائی جائے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کررہی ہے اور اس مقصد کیلئے زراعت اور تعمیرات جیسے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ معیشت کو منفی سے مثبت رجحان کی طرف گامزن کیاجائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت کے مذموم عزائم کے باوجود ہم نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے اور مسلح افواج نے موجودہ معاشی صورتحال کے تناظر میں مکمل تعاون کیا ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیرس کلب نے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کی صورت میں کچھ سہولت فراہم کی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دوسرے مالیاتی اداروں کی جانب سے سہولت سے ہم اپنے وسائل کا رخ روزگار کے مواقع بڑھانے اور غربت کے خاتمے کی طرف موڑ سکیں گے۔