قومی

  • قومی
  • Dec 02, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکا کے صدر گو ٹابایا راجا پاکسا سے ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ سری لنکا کے صدارتی سیکرٹریٹ میں صدر گو ٹابایا راجا پاکسا سے ملاقات کی ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
وزیر خارجہ نےسری لنکا کے صدر کو پاکستان کی قیادت اور عوام کی طرف سے صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے ر گو ٹابایا راجا پاکساکو صدر عارف علوی کی جانب سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں صدر سری لنکا کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ دورہ ء پاکستان کی دعوت بھی دی گئی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ خشک سالی ہو، سیلاب ہو یا کسی قدرتی آفت کا سامنا ہو تو پاکستان کی عوام اپنے سری لنکن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے ۔
وزیر خارجہ نے سری لنکن صدر کو پاکستان کیطرف سے شروع کی گئی معاشی سفارتکاری سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ دونوں ملکوں کے لیے سود مند ثابت ہو گا ۔
سری لنکن صدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سری لنکا آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے، تہنیتی پیغامات اور دورہ پاکستان کی دعوت پر صدر پاکستان اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔