قومی

  • قومی
  • Nov 13, 2019

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ : کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے فیصلہ محفوظ کر لیا

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کااجلاس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس کی صدارت وزیرقانون فروغ نسیم نے کی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاداکبر،میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر ایاز ،پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عطاءتارڑ اور ڈاکٹر عدنان ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں نواز شریف کا ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالے سے شہباز شریف کی درخواست کا جائزہ لیا گیا۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی پہلی نشست صبح دس بجے سے سہہ پہر ڈیڑھ بجے تک جاری رہا۔ نماز کے وقفے کے بعد اجلاس ڈھائی بجے شروع ہوا جو ساڑھے چار بجے تک جاری رہا۔ اجلاس کی تیسری نشست رات ساڑھے نو بجے شروع ہوئی جو گیارہ بجے تک جاری رہی۔
ذیلی کمیٹی کا فیصلہ آج صبح دس بجے سنانے کے حوالے سے میڈیا میں غلط خبریں نشر کی جا رہی ہیں۔ ای سی ایل پر ذیلی کمیٹی اپنا فیصلہ مناسب وقت پر سنائے گی جس کا تعین ابھی نہیں کیا گیا۔اجلاس کے بعد معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہاکہ فیصلہ محفوظ کر لیا گیاہے ۔ کمیٹی کی سفارشات کابینہ کو بھیجی جائیں گی ۔جس پر کابینہ حتمی فیصلہ دے گی ۔