قومی

  • قومی
  • Nov 12, 2019

سید علی گیلانی کا وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے عوام کا شکریہ

مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیر کاز کی بھرپور حمایت کرنے پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت چیئرمین نے وزیر اعظم پاکستان کے نام ایک خط میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کی تعریف کی ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں کوشدید تشدد کا نشانہ بنانے کے باوجود بھارت جدوجہد آزادی دبانے میں ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لداخ کے مسلمانوں کو ظالم بھارتی فورسز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے کیونکہ اس خطے کے لوگ بھی بھارت کے غیر قانونی اقدام کی مخالفت کررہے ہیں ۔بزرگ رہنما نے حکومت پاکستان پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلوانے کیلئے یہ مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں۔
بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع گاندربل میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کردیا جس سے مقبوضہ علاقے میں گزشتہ48گھنٹے کے دوران شہید ہونیوالے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر چارہوگئی ہے ۔بھارتی فوجیوں نے ان نوجوانوں کو تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔
مقبوضہ وادی کشمیر میں آج مسلسل 100ویں روز بھی بھارت کی طرف سے جاری فوجی محاصرے اور مواصلاتی ذرائع کی معطلی کی وجہ سے زندگی مفلوج رہی۔وادی کشمیر میں لوگوں نے مسلسل اپنی دکانیں اور کاروباری مراکز بند کررکھے ہیں اور دفاتر اور تعلیمی ادارے ویرانی کا منظر پیش کرر ہے ہیں۔ جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے ۔