قومی

  • قومی
  • Oct 19, 2019

مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اورایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکونکاؤ کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات

مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اورایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکونکاؤ کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات ہوئی جس میں اے ڈی بی کے تعاون سے پاکستان میں جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ہونیوالی اس ملاقات میں مشیر خزانہ نے اے ڈی بی کے صدر کو کرنٹ اور کیپٹل اکاؤنٹس خسارے پر قابو پانے کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے اقتصادی استحکام کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو سراہا۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور عالمی بینک کے جنوبی ایشیائی ریجن کے نائب صدر ہارٹ وگ شیفر کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور آئی ایف سی کی نائب صدر مینا اسٹول کووچ کے درمیان ملاقات میں مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔ آئی ایف سی کی نائب صدر نے پاکستان میں توانائی سمیت آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری کیلئے اپنی ایڈوائزری خدمات کی بھی پیشکش کی
مشیر خزانہ کی سربراہی میں پاکستان کے وفد نے سٹینڈرڈ چارٹرڈ گلوبل انویسٹرز فورم میں بھی شرکت کی۔مشیر خزانہ نے پاکستان میں اقتصادی صورتحال کا جائزہ پیش کیا اور آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
پاکستان کی اقتصادی ٹیم نے جی۔چوبیس کے وزراء اجلاس اور سارک وزراء خزانہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔سارک وزراء اجلاس میں رکن ملکوں کے درمیان تجارتی سہولیات پر غور کیا گیا۔