قومی

  • قومی
  • Oct 09, 2019

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری

پاکستان اور چین نے دوطرفہ تعلقات اور سٹرٹیجک تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے چین کے دورے کے حوالے سے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات ، خطے اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں پر تفصیل سے گفتگو کی۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ ہارٹیکلچرل ایکسپو دوہزار انیس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کی قیادت اور عوام کو70ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارک باد بھی دی۔ وزیراعظم عمران خان نےچین کی عظیم ترقی کے حوالے سے چینی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ بہترین قیادت کے وژن کی روشنی میں چین نے بے پناہ ترقی کی۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے تاریخی دوستی اور سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط کر نے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان چین تعلقات امن و استحکام اور ترقی کےلئے اہم ہیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان کی طرف سے ون چائنا پالیسی کے حوالے سے بھی اسی عزم کا اظہار کیا گیا۔ ملاقاتوں کے دوران پاکستان نے کہاکہ ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے اور تمام ممالک کے لئے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ضروری ہے۔ پاکستان کی قیادت نے چینی قیادت کو ملاقاتوں کے کشمیر کی صورت حال پر بھی گفتگو اور بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقاتوں کے دوران چین کی طرف سے کہاگیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔
چینی قیادت کی قیادت کی طرف سے کہاگیا کہ کشمیر کا تاریخی تنازعہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہوناچاہیے۔ پاکستان نے ملاقاتوں کے دوران اس مؤقف کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اقتصادی راہداری ترقی کا منصوبہ ہے۔ منصوبے کی جلد تکمیل کےلئے سی پیک اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ملاقاتوں کے دوران چینی قیادت کوبتایا گیاکہ گوادر بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں کےلئے سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس اگلے ماہ پاکستان میں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالےسے چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ملاقاتوں کے دوران پاکستان چین کی قیادت نے چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر جلد عمل درآمد پر بھی عزم کا اظہار کیا۔ ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کی قیادت نے کہاکہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے ۔خطے میں امن و استحکام کے لئے افغانستان میں امن انتہائی ضروری ہے ۔