قومی

  • قومی
  • Sep 09, 2019

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی تین روزہ دورے پر سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی تین روزہ دورے پر سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ جینوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 42 ویں ا جلاس میں پا کستان کی نمائندگی کریں گے ۔

انہوں نے جنیوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کا اجلاس آج شروع ہورہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنرMichelle Bachelet کے مقبوضہ کشمیر پر بیان کو حوصلہ افزاء قرار دیا جس میں انہوں نے کرفیو اٹھانے ، مواصلاتی نظام کو کھولنے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ جنیوا میں اپنے قیام کے دوران بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

وہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے اوردنیابھرسے فورم میں شریک مندوبین کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے۔

اجلاس کے دوران شاہ محمود قریشی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کا معاملہ اٹھائیں گے اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش خطرات پر روشنی ڈالیں گے۔