قومی

  • قومی
  • Aug 21, 2019

وزیر خارجہ کا سویڈن ، ناروے، ڈنمارک اور آئیوری کوسٹ کےوزراءخارجہ کوٹیلی فون

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے سویڈن ، ناروے، ڈنمارک اور آئیوری کوسٹ کےوزراءخارجہ کوٹیلی فون کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے سویڈن کی وزیرخارجہ مارگوٹ وال سٹون کو بتایا کہ بھارتی اقدامات نے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔سویڈن کی وزیر خارجہ نے صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جامع تحقیقات ہونی چاہیے ۔
ناروےکی وزیر خارجہ اینہ اریکسون سورائدے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔ کرفیو کی وجہ سے خوراک اور ادویات کے حصول میں مشکلات کے ساتھ خواتین کو زچگی کی حالت میں ہسپتالوں تک رسائی بھی نہیں۔ ناروے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے میں کردار ادا کرے ۔
ناروے کی وزیر خارجہ نے مقبوضہ وادی کی صورتحال پر ‏تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ ناروے مصالحانہ کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔
ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپکوفوڈسےگفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نےمقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تمام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات پر متفق ہیں کہ 2ایٹمی ملکوں میں کشیدگی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
آئیوری کوسٹ کے وزیرخارجہ مارسل آمون سے گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقبوضۃ کشمیر میں نیا انسانی المیہ رونما ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ آئیوری کوسٹ سلامتی کونسل کا رکن ہونے کے ناطے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے۔