قومی

  • قومی
  • Aug 21, 2019

تحریک انصاف عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے اقتدار میں آئی ہے, ڈاکٹر فردوس

وزیرقانون بیرسٹرفروغ نسیم اوروزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات  فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ایک سال کے دوران عام آدمی کی مشکلات میں کمی کیلئے موثر قوانین تشکیل دئیے گئے ہیں۔اسلام آباد میں پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کو وزارت قانون کی ایک سالہ کارکردگی پربریفنگ دیتےہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران کےوژن کے تحت تیز تر انصاف کی فراہمی کیلئےاصلاحات متعارف کر ائی جارہی ہیں۔
وزیرقانون بیرسٹرفروغ نسیم نے کہاکہ حکومت نے اپنے ایک سال کے دوران وہ اقدامات کئے ہیں جن کی عرصہ دراز سے ضرورت تھی، 22 ضروری قوانین کا مسودہ تیارہواجن میں 7 منظور ہوئے، 8 آرڈیننس نافظ ہوئے جبکہ 7 مختلف مسودےقائمہ کمیٹوں میں موجود ہیں۔وزیر قانون نے بتایا کہ مدد کی منتظر خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی ایکشن پلان تیار کیا گیاہے‘وراثت کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے میں 3 سے 7 سال تک کا عرصہ لگتا تھا،نئے قانون کے متعارف ہونےکے بعد وراثت سرٹیفکیٹ دن کے اندر جاری ہو گا۔
بیرسٹر فروغ نسیم نے کہاکہ سول قانون سے متعلق ترمیمی بل قائمہ کمیٹی نے منظور کر دیا ہے ،دیوانی مقدمات کے فیصلےاب سال ڈیڑھ سال میں ہوا کرینگے، سیکنڈ اپیل ختم کردی گئی، ایک جج اسٹے آرڈر دے گا اور دوسرا مرکزی کیس سنے گا۔انہوں نے بتایا کہ منظوری کے بعد موبائل ایپ بھی لانچ کرینگے۔اب کتابیں خریدنے اور لائبریری جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔1946 سے 2018 تک پاکستانی قوانین کی آرکائیو بھی تیار کرلی گئی ہے۔
فروغ نسیم نے کہاکہ حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرنے بھی جارہی ہے، نیب کیسز میں ضمانت کا اختیار ٹرائل کورٹ کو دیا جائے گا،پلی بارگین سے متعلق قواعد بھی تبدیل کیے جائیں گے، نیب میگا کرپشن کیلئے بنا ہے اور اسی پر فوکس ہونا چاہیے،اگر کسی ٹیکس چور تاجر کا کسی سرکاری عہدے سے تعلق نہیں ہے تو ایف بی آر یا ایف آئی اے اسے دیکھیں گے۔
معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوا ن نے کہاکہ تحریک انصاف ملک کے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے اقتدار میں آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزارت قانون سمیت تمام وزارتیں وہ اقدامات کررہی ہیں جن سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے ۔
پارلیمانی سیکرٹری قانون ملیکہ بخاری نےبھی ذرایع ابلاغ کوقانون سازی سے متعلق اہم تفصیلات بتائیں ۔