قومی

  • قومی
  • Aug 18, 2019

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جوہری پالیسی کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع کے بیانات بھارت کی بدحواسی کی عکاسی کرتے ہیں

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جوہری پالیسی کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع کے بیانات بھارت کی اس بدحواسی کی عکاسی کرتے ہیں جو وہ اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی وجہ سے خطے اور باہر کی دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال کر محسوس کررہا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بات انتہائی قابل مذمت ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوری آبادی کا لاک ڈائون دو ہفتے سے جاری ہے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق انسانی المیے کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا واضح طور پر نوٹس لیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف اقوام متحدہ کے منشور، اصولوں اور بین الاقوامی قانون پر مبنی ہے اور بدستور اس پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جانا چاہئے۔