ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Jul 23, 2019

اہم ترین ملاقات میں پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی, امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش کردی ۔ وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ تاریخی ملاقات کے بعد میڈیا سے تفصیلی بات چیت میں امریکی صدر نےواشگاف الفاظ میں کہاکہ برصغیر میں امن و استحکام میں کردار پر انہیں بے حد خوشی ہوگی۔

افغانستان کی صورت حال پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتفاق کیاکہ افغان مسئلے کو کوئی فوجی حل نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے واضح کیاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دیں۔ صدر ٹرمپ نے علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کے کردار کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کوانتہائی اہم اور مفید قراردیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پاکستانی میڈیا سے تفصیلی بات چیت کی ۔ امریکی صدر نے پاکستانی صحافیوں کے سوالوں کے مفصل جواب دیئے ۔ صدر ٹرمپ نے پاکستانی میڈیا کے ساتھ امریکہ کی اندرونی سیاست ، معیشت ، ایران کی صورتحال، شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات سمیت مختلف عالمی امور پر گفتگو کی اور اس حوالے سے امریکی پالیسی کا کھل کر اظہار کیا۔پاکستانی میڈیا سے بات چیت میں وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےد رمیان متعدد بار خوشگوار اور غیر رسمی جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔