ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Jul 18, 2019

وزیر اعظم سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان کی ملاقات

وزیرِ اعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات میں حکومت کی معیشت کو باقاعدہ دستاویزی شکل میں لانے اور ٹیکس اصلاحات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر نمائندگان نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ چیمبر کے نمائندگان نے وزیراعظم کو انڈسٹرئیل زوننگ ، کاروبار کو آسان بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے مستفید ہوں گے۔ وزیر اعظم نے انڈسٹریل زوننگ اور ٹاون پلاننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے آلودگی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور دوسرے سماجی مسائل نے جنم لیا۔ وزیر اعظم نے اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔
صنعتی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انیس سو ساٹھ کی دہائی کا پاکستان ایشیاء میں بھرپور ترقی کر رہا تھا جس کی وجہ صنعتی ترقی تھی۔ بدقسمتی سے ہم ایک منفی مائنڈ سیٹ کا شکار ہو گئے اور خطے کے دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے ۔ اس کی بدولت روزگار میسر ہو گااور ملک میں کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا۔وزیراعظم نے چیمبر نمائندوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔
لاہور چیمبر کے نمائندگان نے وزیراعظم کو ایک لاکھ پودے لگانے کی مہم کے بارے میں آگاہ کیا اور وزیر اعظم کو اس مہم کے افتتاح کی درخواست کی۔