ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Jul 11, 2019

اسلام آبادمیں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد

اپنا گھر اب خواب نہیں رہا۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کے زون فور میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
اسلام آباد کے نواح میں شروع کئے جانے والے اس منصوبے کے تحت ساڑھے 18ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے جن میں سے 10ہزار مکان غریبوں کیلئے مختص ہوں گے۔ نیاپاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت ملک بھر میں مجموعی طور پر 50لاکھ مکان تعمیر ہونگے۔
وزیراعظم عمران خان نے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔ حکومت منصوبے کیلئے اراضی فراہم کرے گی جبکہ نجی شعبہ اس پر مکانات کی تعمیر کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت مکانات کی قیمت عام آدمی کی پہنچ میں ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بڑے شہروں کی کچی آبادیوں کے مکینوں کیلئے بھی سکیم شروع کررہے ہیں۔ اس سکیم کے تحت کچی آبادیوں کی جگہ پکے مکانات تعمیر کرکے دیئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس سکیم کا آغاز اسلام آباد کی دو کچی آبادیوں سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر میں بینک مکانات کی تعمیر کیلئے سستے قرضے دیتے ہیں لیکن پاکستان میں قانون نہ ہونے کے باعث یہ سلسلہ شروع ہی نہیں ہوسکا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس بارے میں نیا قانون متعارف کرانے جارہی ہے جس کے تحت تنخواہ دارطبقہ بینکوں سے آسان شرائط پر قرض لے کر مکان تعمیر کرسکے گا۔