قومی

  • قومی
  • Jul 11, 2019

وزیراعظم کی عالمی اقتصادی فورم کے صدر سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے ہنر مند افرادی قوت کی کمی پوری کرنے کیلئے عالمی اقتصادی فورم کے تعاون سے ’نیشنل ایکسی لیٹر‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ عالمی اقتصادی فورم کے صدر بورج برینڈے سے ملاقات کے دوران کیا۔ پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ ’نیشنل ایکسی لیٹر ‘ کے قومی سیکرٹریٹ کے طور پر کام کریگا۔ نیشنل سکلزڈویلپمنٹ ایکسی لیٹر کی مشترکہ سربراہی سرکاری و نجی شعبے کے افراد کرینگے۔
حکومتی نمائندوں میں وفاقی وزیر شفقت محمود اور معاون خصوصی ذوالفقاربخاری جبکہ نجی شعبے سے یونی لیور کی ایم ڈی شازیہ سید اور حبیب بنک کے صدر محمد اورنگزیب شامل ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم کے صدر کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے خصوصاََ اقتصادی شعبے اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ حکومت ایسے سٹریٹجک شعبوں پر توجہ دے رہی ہے جنکے باعث اقتصادی ترقی ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم کے صدر کو پرامن ہمسائیگی، امن اور خوشحالی سمیت علاقائی معاملات پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔
عالمی اقتصادی فورم کے صدر نے کہاکہ ’نیشنل ایکسی لیٹر‘ پروگرام پاکستان اور فورم کے درمیان تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہاک یہ صرف آغاز ہے اور فورم پاکستان کی کئی قومی ترجیحات پر بھرپور توجہ دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم تعلیم، نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی، ماحولیاتی تحفظ، آبی وسائل کے انتظام، صنعتوں اور رابطوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کے صدر نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے وزیراعظم کے وژن اور حکومتی اقدامات کو سراہا۔