ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Jun 17, 2019

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کااسلام آباد میں اجلاس

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی کی کاروائی میں دانستہ طور پر خلل ڈالنے کی کوشش افسوس ناک ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو بجٹ کی منظوری کے عمل میں متحرک کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت نے پہلے دس مہینوں میں مشکل ترین حالات کا سامنا کیا ہے ۔ تحریک انصاف نے جب حکومتی باگ ڈور سنبھالی تو ملک بدترین مالی مشکلات کا شکار تھا ۔ حکومت کی کوششوں سے معاشی استحکام آیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ مشکل حالات میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین جیسے دوست ممالک کی جانب سے تعاون کے مشکور ہیں۔ سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا ۔ ملکی آمدن کا تقریبا نصف حصہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں صرف ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ محض دس سا ل میں چوبیس ہزار ارب قرضوں میں اضافہ کیا گیا جس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جارہا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے بیرونی قرضوں پر شاہانہ طرز زندگی اختیار کیا ۔انہوں نے کہاکہ قوم کو قرضوں میں جکڑ کر ذاتی تجوریاں بھرنے والے قومی مجرم ہیں ان سے مجرموں والا سلوک کیا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کی عوام نے پی ٹی آئی کو اسٹیٹس کو توڑنے اور کرپٹ عناصر کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا مینڈیٹ دیا ہے ۔