وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹر پر پیغام
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے جب میں نے کھیل کا آغاز کیا تو میں سمجھتا تھا کہ کامیابی میں ستر فیصد ٹیلنٹ اور تیس فیصد ذہن شامل ہوتا ہےلیکن جب میں نے کھیلنا ختم کیا تو میں نے محسوس کیا کہ کامیابی میں دونوں کا تناسب آدھا آدھاہوتا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اب میں اپنے دوست گواسکر سے متفق ہوں کہ کامیابی میں ذہنی قوت ساٹھ فیصد اور ٹیلنٹ چالیس فیصد ہوتا ہے۔آج ذہنی صلاحیت کا کردار ساٹھ فیصد سے زیادہ ہے۔
آج میچ کی اہمیت کے پیش نظر دونوں ٹیمیں بہت زیادہ ذہنی دباؤ میں آئیں گی اور ذہنی صلاحیت میچ کے نتیجے کا فیصلہ کرے گی۔سرفراز کے حوالے سے ہم خوش قسمت ہیں کہ وہ ایک مضبوط کپتان ہےاور آج ہم اس کی بہترین کارکردگی دیکھیں گے۔
ہارنے کے تمام خدشات کو ذہن سے ختم کر دینا چاہیئے کیونکہ ذہن ایک وقت میں صرف ایک چیز پر عمل کر سکتا ہے۔ہارنے کا خوف منفی اور دفاعی حکمت عملی کی طرف لے جاتا ہےجس سے حریف کی غلطیوں سے فائدہ نہیں اٹھا یا جا سکتا۔ تو اس لئے پاکستانی ٹیم اور کپتان سرفراز احمد کے لئے مشورہ ہے کہ جیتنے کے لئے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے اچھے بلے بازوں اور بالرز کو پہلے موقع دیا جائے کیونکہ اناڑی کھلاڑی دباؤ میں کارکردگی کا کم ہی مظاہرہ کر سکتے ہیں۔خاص طور پر انتہائی دباؤ کی صورتحال میں جو آج کے میچ میں پیدا ہو گی۔پچ کے ڈیمپ ہونے پر سرفراز کو ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کرنا چاہیئے۔ اگرچہ بھارت فیورٹ ہو تب بھی ہارنے کے خوف کو بالکل ختم کرنا ہو گا۔اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں اور آخری گیند تک لڑیں۔پھر جو بھی نتیجہ ہو ایک حقیقی کھلاڑی کی طرح اسے قبول کریں۔پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔