قومی

  • قومی
  • May 27, 2019

چینی نائب صدر وانگ چی شان دوروزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

چین کے نائب صدر ’’وانگ چی شن‘‘ دوروزہ دورے پر لاہور پہنچے تو پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ننھے بچوں نے چین کے نائب صدر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کا معزز مہمان سے تعارف کروایا۔
چین کے نائب صدر ’’وانگ چی شن‘‘اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان ملاقات میں پاک چین تعلقات کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور اورسی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چین کے نائب صدر وانگ جی شن نے کہاکہ پاکستان کے دورے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور چین کے نائب صدر کے اس دورے سے پاک چین تعلقات کو ایک نئی جہت ملے گی۔
چین کے نائب صدر نے اپنے وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جس سطح پر بھی رابطے ہوں ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کو تقویت ملتی ہے۔ چین کے نائب صدر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہونگے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔
اس سے پہلے چین کے نائب صدر نے لاہور میں ہایئر روبا اکنامک زون کا دورہ بھی کیا اور اکنامک زون کے مختلف شعبے دیکھے۔ اس موقع پر چینی نائب صدر کواکنامک زون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ پنجاب حکومت نئی انڈسٹریل پالیسی کے تحت صوبوں میں صنعتوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ نے معزز مہمان کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں چینی صنعتکاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہرممکن تعاون فراہم کیا جارہاہے۔
چینی نائب صدر نے پنجا ب حکومت کی طرف سے صنعتی شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کو سراہا۔