قومی

  • قومی
  • May 25, 2019

ڈاکٹر فردوس کی وز یر ا علی پنجا ب سے ملا قا ت

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور میڈیا کو واجبات کی ادائیگی پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے رمضان پیکج کے تحت حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی گرداب میں ڈالنے والے اب کس منہ سے عوامی فلاح کی بات کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب ان سیاسی یتیموں کا کوئی مستقبل نہیں ۔وزیراعظم عمران خان ایک موثر حکمت عملی کے تحت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے رمضان پیکج میں عوام کو ریلیف دینے پر پنجاب حکومت کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ صرف ذاتی مفادات کیلئے ہے عوام جانتے ہیں کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی وسائل لوٹنے والوں کے چہرے قو م کے سامنے آشکار ہوچکے ہیں ۔ لوٹ مار کا دور اب قصہ پارینہ ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی وسائل ایمانداری کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ ہورہے ہیں ۔ اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا ہے اس طرح منطقی انجام کو پہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے رمضان پیکج میں اشیائے خردونوش پر سبسڈی دے کر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا ہے اور آج یہ اشیاءمارکیٹ سے کہیں کم نرخوں پر رمضان خصوصی بازاروں میں دستیا ب ہیں ۔