ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • May 21, 2019

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وفاقی کابینہ نے نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ پروگرام کیلئے ایک سو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں تعلیمی پالیسی، نئےاقتصادی روڈ میپ اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد پیدا ہونے ولی صورتحال پرتفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس کو تعلیمی پالیسی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم اور معیاری تعلیم تحریک انصاف کا نعرہ تھا۔ اجلاس میں تعلیم کے حوالے سے ترجیحات طے کی گئیں۔
کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر شروع کیے گئے پروگرام کامیاب جوان پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔ پروگرام سے نوجوانوں کیلئے روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے۔ کامیاب جوان پروگرام کی 25فیصد رقم خواتین کیلئےمختص ہوگی اور نوجوانوں کو 6فیصد شرح سود پر قرض دیاجائے گا جس سے نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں گے۔
وفاقی کابینہ میں ڈالر کی قدر میں حالیہ اضافے اور روپے کی قیمت میں کمی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ نے عوام کی حمایت سے موجودہ مشکل حالات پر قابو پانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس نے اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے بورڈ کی منظوری دی۔ رکن قومی اسمبلی اسد عمربورڈ کے چیئرمین ہونگے۔ کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی۔
میڈیا بریفنگ میں اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک سوال کہا کہ نواز شریف چھ ہفتے تک فائیو سٹار گھر میں لیٹے رہے، میاں صاحب طے کرلیں بیماری کیا ہے، حکومت معاونت کریگی۔ انھوں نے کہاکہ نیب ایک خودمختار ادارہ ہے اور اپوزیشن اس پر تنقید کرنے کی بجائے نیب کے سوالات کا جواب دے۔
وفاقی کابینہ نے انسداد منشیات کے وفاقی وزیر علی محمد مہر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔