قومی

  • قومی
  • May 20, 2019

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی درخواست سماعت کیلئے مقرر

سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی درخواست سماعت کیلئے مقرر- جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ کل سماعت کر ے گا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا یہی بینچ اس سے قبل نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست مسترد کر چکا ہے ۔سپریم کورٹ نے علاج کی غرض سے نواز شریف کی 6 ہفتوں کے لیے سزا معطل کی تھی اور بعدازاں اعلیٰ عدالت نے اس میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد انہیں واپس کوٹ لکھپت جیل جانا پڑا۔
سابق وزیراعظم کی جانب سے سزا معطلی کی درخواست میں نیب، جج احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز کی رائے ہے کہ نواز شریف کو متعدد جان لیوا امراض لاحق ہیں جب کہ درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس اور ڈاکٹرز کی رائے کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین اور حکومتی افراد نے پروپیگنڈا کیا کہ علاج کے لیے ضمانت کی درخواست این آر او ہے اور سزا معطلی کی درخواست کو این آر او کہنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر سزا معطل کی گئی تو اس سے پراسیکیوشن کے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ لہذا سزا کے خلاف اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کر کے طبی بنیادوں پر ضمانت دی جائے۔ احتساب عدالت نے گزشتہ سال سابق وزیراعظم کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف ان کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی استدعا کی گئی ہے۔