ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • May 19, 2019

وزیر خارجہ کی امیر کویت سمیت کویتی قیادت سے اہم ملاقاتیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویت کے سرکاری دورے کے دوسرے دن بھی مصروف وقت گزارا۔ شاہ محمود قریشی نے امیر کویت سمیت کویتی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح کی ملاقات ہوئی ۔وزیر خارجہ نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کیطرف سے نیک خوہشات اور خصوصی خطوط امیر کویت کو پیش کیے۔وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ دو طرفہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے امیر کویت کو ویزہ پابندیوں کے حوالے سے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے ویزہ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے امیر کویت سے خصوصی توجہ کی درخواست کی۔
وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستانی موقف کی حمایت پر امیر کویت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
امیر کویت نے وزیر خارجہ کو کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ذاتی کاوشوں کا یقین دلایا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح الخالد الصباح سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ درینہ دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے ۔وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو بتایا پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں سفری کاغذات کے غیر قانونی استعمال کی موثر روک تھام کے لیئے کئی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن، کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح نے بھی کویت کی وزارت داخلہ میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور ویزہ پابندیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے کہا ہ کہ کویت اپنی ویزہ پالیسی پر نظر ثانی کرے اور 2011 سے لگائ گئ ویزہ پابندیوں سے پاکستان کو مستثنیٰ قرار دے۔کویت کے نائب وزیر اعظم نے شاہ محمود قریشی کو اس معاملے میں سنجیدہ کاوشوں کی یقین دھانی کرائی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ابو شاءیبا گروپ آف کمپنینز کے چیئرمین ابو شیبا کی سربراہی میں کویتی تاجروں کے وفدنے بھی خصوصی ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان میں تجارت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھاقتصادی تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے ۔وزیر خارجہ نے کویت کے تاجروں بتایا کہ پاکستان میں توانائی،زراعت ،صحت ،تعلیم اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کویتی تاجروں کو پاکستان مین سرمایہ کاری کے لیٗے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے آخر میں صباح آبو شیبا نے کویت بزنس کمیونٹی کی طرف سے وزیر خارجہ کو شیلڈ پیشِ کی ۔