قومی

  • قومی
  • May 19, 2019

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاویداقبال کی نیوز کانفرنس

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کیخلاف کارروائی کرنے پر نیب کو سیاست کا رنگ دینا قومی مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی سے نمٹنے کاا دارہ کسی بیرونی دبائو کے بغیر قومی مفاد میں درکار ہر اقدام کرے گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ یہ بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جارہاہے کہ احتساب بیورو کی طرف سے تاجر برادری کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے کسی تاجر کی رقوم کی منتقلی میں کبھی کوئی مداخلت نہیں کی تاہم نیب سرکاری عہدہ رکھنے والے سے ذرائع آمدن کے بارے میں پوچھنے کا حق رکھتاہے۔انہوں نے کہا کہ نیب رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچائے گا۔ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب عوام دوست قومی ادارہ ہے اور ہمارا کام تاجر برادری کاتحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نیب کے تمام علاقائی دفاتر کو ہدایت کی کہ وہ تاجر برادری کی طرف سے ملنے والی شکایات پر فوری کارروائی کریں تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ابھی تک کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔