قومی

  • قومی
  • Apr 21, 2019

کم آمدن اور کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ریاست کی ذمے داری ہے, وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے بڑے منصوبے پر کام کا آغاز کردیاہے۔ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ کم آمدن اور کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ریاست کی ذمے داری ہے ۔ اس سلسلے میں حکومت بڑے منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔ عوام کو تعلیم ،صحت ،روزگار اور رہائش کی سہولتیں فراہم کریں گے اور پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف ضرور حاصل کیاجائے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ جب تک اشرافیہ اور عام آدمی کے لئے ایک کام نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے قوم پر بھاری قرضوں کا بوجھ ڈالا جس کی وجہ سے آج ملک مشکلات کا شکار ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صوبے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہاؤسنگ منصوبہ بلوچ عوام کے لئے وزیراعظم کا تحفہ ہے ۔
ہاؤسنگ کے وزیر طارق بشیر نے کہاکہ بلوچستان وزیراعظم کے دل کے بے حد قریب ہے۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق صوبے کے عوام کو رہائش کی فراہمی کے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب نے بتایا کہ کوئٹہ میں کچلاک روڈ اور وحدت کالونی کے مقام پر دو منصوبے شروع کئے گئ ہیں ۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے گھروں کی تعمیر کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ بلوچستان میں ایک لاکھ دس ہزار گھروں کی تعمیر کا آغاز کیاگیاہے۔کوئٹہ میں کچلاک روڈ اور وحدت کالونی کے مقام پر سرکاری ملازمین اور عوام کے لئے گھر تعمیر ہوں گے ۔ گوادر میں وفاقی ،صوبائی ملازمین اور عوام کے لئے چون ہزار گھر تعمیر ہوں گے ۔ ماہی گیروں کے لئے گوادر میں مزید چون ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے ۔