قومی

  • قومی
  • Apr 21, 2019

مقبوضہ کشمیر :نظربندیاسین ملک شدید علیل

بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی غیر قانونی حراست میں بھوک ہڑتال کرنے والے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو بگڑتی ہوئی صحت کے باعث نئی دلی کے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اس بات کا انکشاف سرینگر میں محمد یاسین ملک کے اہلخانہ نےنیوز کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہاکہ لبریشن فرنٹ کے سربراہ10اپریل سے بھوک ہڑتال پر تھے انہیں چار روز قبل انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیا ۔ محمد یاسین ملک ایک جھوٹے مقدمے میں این آئی اے کی حراست میں ہیں۔
جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ محمد یاسین ملک کے ساتھ این آئی اے کے ظالمانہ سلوک کے خلاف جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ 28اپریل سے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پانچ روزہ دھرنا دے گا۔ محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت اور انکی ہسپتال منتقلی کی خبر پھیلتے ہی سرینگر میں ان کے آبائی علاقے مائسمہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔
مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں ایک بیان میں محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پرشدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ کی حالت پر تمام کشمیری پریشان ہیں ۔
حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ محمد یاسین ملک کا تحفظ قابض انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔
تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے بھی اپنے بیانات میں محمد یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پرشدید تشویش کااظہار کیاہے۔