ٹاپ سٹوری

  • ٹاپ سٹوری
  • Apr 20, 2019

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اجلاس

وزیراعظم عمران خان نے نئی اقتصادی ٹیم کو ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے ذمےداریاں اور اہداف دے دیئے ہیں۔ بنی گالہ میں اقتصادی ٹیم سے ملاقات اور اعلی سطح اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں عمر ایوب کو پیٹرولیم کا اضافی چارج دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ ایران اور چین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیاکوبریفنگ دیتےہوئےاطلاعات ونشریات کےبارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اہداف کے حصول میں قومی مفاد اور عوام کے مسائل کے حل کو مدنظر رکھا جائے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل کوئٹہ جائیں گے جہاں وہ نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت بھی کریں گے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کردار انتہائی اہم ہے تاہم اپوزیشن کو بھی اپنا کردار ذمے داری سے ادا کرنا ہوگا۔
میڈیا کو درپیش مسائل کے حوالے سے سوال پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا سے تصادم کی بجائے رابطہ کریگی اورمشاورت سے صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔