قومی

  • قومی
  • Apr 15, 2019

وزیراعظم سے برطانوی رکن پارلیمنٹ برینڈن لوئس کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان برطانیہ کو یورپ میں اہم ترین شراکت دار سمجھتا ہے۔ اسلام آباد میں برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین اور وزیر برینڈن لویس سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات تاریخی ہیں ۔ دونوں ملک خطے اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے یکساں خیالات رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اوربرطانیہ کو موجودہ دوطرفہ تعلقات کو طویل مدتی سٹرٹیجک شراکت داری میں بدلنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے برطانوی رکن پارلیمان کے ساتھ خطے خصوصی طورپر بھارت اور افغانستان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ امن کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بھی ذکر کیا۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ برینڈن لویس نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ واقعے کے بعد خطے کی صورت حال کے حوالے سے وزیراعظم کا قائدانہ کردار قابل تعریف ہے۔ برینڈن لویس نے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو دورہ برطانیہ کی دعوت دی۔ **