قومی

  • قومی
  • Apr 15, 2019

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کے نظام کو موثر بنانے اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں وکلا کا کلیدی کردار ہے۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ مضبوط بار ایسوسی ایشنز نہ صرف مضبوط عدلیہ بلکہ ملک میں جمہوری اداروں اور گڈ گورننس میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت بار ایسوسی ایشنز کےمسائل کے حل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے وکلا کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کے لیے حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد کی قیادت صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی کررہے تھے ۔
صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بار کی جانب سے وزیر اعظم کے وژن اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں وزیر اعظم نے جو قائدانہ کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے۔صدر بار ایسوسی ایشن نے وکلا برادری کو درپیش مسائل سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وفد نے کہاکہ اعلی عدلیہ میں ججز کی تقرری کا عمل قابلیت اور شفافیت پر مبنی بنایا جائے تاکہ تجربہ کار اور اہل وکلا کو ان اہم مناصب پر اپنی خدمات سرانجام دینے کے مناسب مواقع میسر آئیں۔وفد کی درخواست پر وزیر اعظم نے بار ارکان خصوصا معمر وکلا کے لیے صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔