قومی

  • قومی
  • Mar 25, 2019

وزیراعظم عمران خا ن سےیورپین کمیشن کی نائب صدر کی ملاقات

یورپی یونین کے خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی کی اعلی نمائندہ فریڈریکا موگیرینی نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین اور اسکے تمام رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ یورپی یونین کو پاکستان کا بڑا تجارتی اور سرمایہ کار پارٹنر قرار دیتے ہوئے انھوں نے باہمی تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے جی ایس پی پلس کے بعد پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافے کا خیرمقدم کیا۔
وزیر اعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال اور افغان مفاہمتی امن عمل اور بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے مثبت کردار سے یورپی یونین کی نمائندہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرے۔
وزیر اعظم نے انھیں اچھی حکمرانی، بدعنوانی اور غربت کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کے بارے میں اپنے اصلاحاتی ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا۔
یورپی یونین کی نمائندہ نے پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال سنبھالنے پر وزیراعظم عمرا ن خان کی تعریف کی۔ اوراصلاحاتی ایجنڈے کیلئے یورپی یونین کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔