قومی

  • قومی
  • Mar 18, 2019

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آبادمیں اجلاس

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت گرین لائن منصوبے سمیت کراچی میں وفاقی حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تحت صوبہ سندھ خصوصا کراچی میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مسائل دور کرنے میں صوبائی حکومت کی مدد کرنا ہے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پروفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں۔۔
وزیرِ اعظم نےہدایت کی کہ ماحولیاتی آلودگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کراچی جیسے بڑے شہروں کے تمام منصوبوں میں ماحولیات کے عنصر کو مد نظر رکھا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور عوام کو درپیش مسائل خصوصا ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے لئے ضروری ہے کہ طویل مدتی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ آبادی سے متعلقہ مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے اور مسلسل گھٹتے ہوئے گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں گرین لائن منصوبے پر پیش رفت اور اسکی فعالیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اورکراچی پیکج کے تحت دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، معاون خصوصی افتخار درانی، ترجمان ندیم افضل چن، خزانے، منصوبہ بندی، کابینہ ڈویژن کےسیکرٹریز ، چیف سیکرٹری سندھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر کے آئی ڈی سی ایل صالح احمد فاروقی و دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔