قومی

  • قومی
  • Dec 16, 2018

وزیر اطلاعات کا اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت

قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔سفاک دہشت گردوں نے معصوم طلبہ کو بربریت کا نشانہ بنایا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس کے معصوم بچوں کا پاک لہو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے اس عزم کا واضح اورناقابل تردید ثبوت ہے کہ معصوم بچوں سے لے کر خواتین، نوجوانوں، بزرگوں، غیرمسلموں سمیت پوری پاکستانی قوم نے اس عفریت کے خلاف مزاحمت کی جراتمندانہ اور درخشندہ مثال قائم کی ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کوئی ملک جب بنیادی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف کاوشوں کے ضمن میں منفی بات کرتا ہے تو دراصل وہ ان معصوم شہیدوں، اقلیتوں، ہماری بہادر مسلح افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے مقدس لہوکی توہین کاارتکاب کر رہا ہوتا ہے جس کی کوئی بھی مہذب اور انصاف پسند انسان ہر گز، ہرگز اجازت نہیں دے سکتا۔انہوں نے کہا کہ
پاکستان نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے، انشاءاللہ فتح ہمارے عزم، ارادے اور عوام کی ہوگی اس مقصد کے لئے ہم قربانیوں کی اپنی تابندہ روایت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔