قومی

  • قومی
  • Dec 06, 2018

دہشت گردی کے واقعات میں بتدریج کمی آئی ہے, ترجمان پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پی ٹی ایم کو خبردار کیا ہے کہ وہ حد عبور نہ کرے کہ ورنہ ریاست اپنی رٹ قائم رکھنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں بتدریج کمی آئی ہے۔ افغانستان کی جانب سے امن کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں۔ آئندہ ہم کسی اور کی جنگ پاکستان میں نہیں لڑیں گے۔ کرتارپور کے معاملے پر بھارت نے منفی پراپیگنڈا کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے راولپنڈی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے ۔ فاٹا میں گزشتہ پندرہ سال سے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں مقامی آباد ی بے حد متاثر ہوئی ہے اس لئے پی ٹی ایم سے متعلق بہت سی چیزوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے تاہم ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی فوج ایل او سی پرجان بوجھ کر پاکستان شہری آبادی کو نشانہ بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور کے معاملے پر بھارت نے منفی پراپیگنڈا کیا، یہ راہداری صرف ون وے ہوگی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہماری اندرونی کمزریوں میں بدحال معیشت، کمزور گورننس، عدالتی و تعلیمی نظام، مذہب و فرقہ ورانہ اشتعال انگیزی شامل ہیں جن سے دشمن نے فائدہ اٹھایا،ہمیں فیصلہ کرنا ہے ایسا ہی رہنا ہے یا کامیابیوں، ناکامیوں کے رولر کوسٹر پر بیٹھ کر چلتے رہیں گے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اگر میڈیا صرف 6 مہینے ملک کی اچھی اچھی چیزیں دکھائے پھر دیکھیں پاکستان کہاں پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بہت کمی ہوگئی ہے، آئندہ ہم کسی اور کی جنگ پاکستان میں نہیں لڑیں گے۔ فوج نے سویلین اداروں سے مل کر فاٹا اور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے کیے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کراچی میں 99 فیصد جرائم میں کمی آئی ہے اور رینجرز نے 9سال سے قربانیاں دے کر امن بحال کیا۔انہوں نے کہا کہ افغان بارڈر پر ہم نے اپنی جانب سے بہت بہتری کرلی ہے، سرحد پر باڑ لگا رہے ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد کو دو سال مکمل ہونے والے ہیں، پورے ملک میں 44 بڑے آپریشن ہوئے ہیں، پورے ملک سے 32 ہزار ناجائز اسلحہ پکڑا۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج منظم فورس ہے، چین آف کمانڈ ہے اس کا اپنا مکمل جزا اور سزا کا نظام ہے۔ دو سال کے دوران 400 فوجی افسروں کے خلاف کارروائی ہوئی اور سزا دی گئی۔
بھارتی آرمی چیف کے پاکستان کو سیکولر بننے کے بیان سے متعلق سوال کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستانی اسلام کے نام پر بنا ہے، بھارت پہلے خود تو سیکولر بنے پھر ہمیں بھاشن دے۔